تنازعات میں جنسی تشدد سے بچاؤ کے لئے بیرونس اینلے خصوصی نمائندہ مقرر
بیرونس جوائس اینلے کا تقرر تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کی عالمی کانفرنس کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا ہے.
آج وزیراعظم نے وزارت خارجہ کی وزیر مملکت بیرونس اینلے کو تنازعات میں جنسی تشدد سے بچاؤ کے لئے اپنا نیا نمائندہ خصوصی مقرر کیا ہے۔ یہ تقرری حکومت کے اس کمٹ منٹ کو تقویت پہنچائے گی جو وہ تنازعات میں جنسی تشدد سے بچاؤ میں دنیا کی قیادت کے لئے کر چکی ہے.
ایک سال پہلے عالمی کانفرنس کی میزبانی سابق سکریٹری خارجہ ولیم ہیگ اوراقوام متحدہ کے مہاجرین کمیشن کی نمائندہ خصوصی اینجلینا جولی پٹ نے کی تھی۔ اس کانفرنس میں 120 سے زائد ملکوں کے نمائندوں نے ان سیاسی اورعملی اقدامات پرغورکیا تھا جن سے عصمت دری اورجنسی تشدد کے جنگی ہتھیار کے طورپراستعمال کاخاتمہ کیا جاسکے.
اپنی تقرری کے اعلان پر بیرونس جوائس اینلے کاکہنا ہے:
ولیم ہیگ سے یہ عہدہ مجھے منتقل کیا جانا میرے لئےایک اعزازہے۔ انہوں نے اس اہم کام میں کئی سرکاری محکموں کی بڑی خدمت کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ میں تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کی کوششوں کوایک قدم آگے بڑھا سکونگی.
میں ان کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہوں کہ جواس پیش قدمی نے گزشتہ تین سال میں حاصل کی ہیں، اس میں تنازعات میں جنسی تشدد کے واقعات کی تحقیقات اوردستاویز کا بین الاقوامی پروٹوکول، کانگو، عراق، بوسنیا جیسے ملکوں کی مدد اور گزشتہ جون کی بے حد کامیاب کانفرنس شامل ہے. تاہم اب بھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ میں شہری معاشرے، حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں اورمتاثرین کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں تاکہ تنازعات میں جنسی تشدد کے ہمیشہ کے لئے خاتمے کی مہم کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی ہوسکے.
بیرونس جوائس اینلے نے عالمی کانفرنس کی ایک سالہ سالگرہ پرایک وڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا ہے: