آتشک: آپ کے ٹیسٹ کے مثبت نتیجہ کا کیا مطلب ہے
اپ ڈیٹ کردہ 20 مئی 2022
Applies to England
آپ کے حال ہی میں آتشک کےلیے کیے جانے والے سکریننگ ٹیسٹوں میں سے ایک کا نتیجہ مثبت تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو جنسی صحت کے پیشہ ور ماہر سے بات کرنے کے لیے ریفر کیے جانے کی ضرورت ہوگی۔ یہ معلومات وضاحت کرتی ہیں کہ آتشک کیا ہے اور حمل میں اس سے کیا مراد ہے۔
1. آتشک کیا ہے
آتشک بیکٹیریا سے ہونے والا ایک انفیکشن ہے جو خون میں منتقل ہوتا ہے۔ اکثر اوقات اس کے بارے میں معلوم نہیں ہوتا کیوں کہ اس کی علامات ہمیشہ واضح نہیں دکھائی دیتیں۔ تاہم یہ ایک سنگین عارضہ ہے، جس کا اگر علاج نہ کیا جائے تو آپ اور آپ کے بچے کی صحت کے لیے سنگین مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
2. وجوہات
آتشک درج ذیل طریقوں سے دوسروں میں منتقل ہوسکتی ہے:
-
آتشک سے متاثرہ کسی فرد سے جنسی تعلق قائم کرنے پر بیکٹیریا کے آپ کے خون میں داخل ہونے سے (عام طور پر فرج،مقعد یا منہ کے راستے غیر محفوظ جنسی تعلق کے دوران)
-
دوران حمل یا پیدائش کے وقت ماں سے بچے کو
-
سرنجیں شیئر کرنے پر متاثرہ خون کے ذریعے
3. علاج
اینٹی بائیوٹکس کی ایک یا ایک سے زائد خوراکوں کے ذریعے آتشک کا علاج کیا جاسکتا ہے۔ جتنا جلدی علاج کیا جائے گا، آپ میں صحت کے حوالے سے پیچیدگیوں کا امکان اتنا ہی کم ہوگا۔ علاج جلد شروع کرنے سے دورانِ حمل آتشک کے آپ کے بچے میں منتقل ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔
یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ کامیاب علاج کے بعد بھی ایک شخص کسی بھی وقت آتشک سے دوبارہ متاثر ہوسکتا ہے۔ اس وجہ سے، آپ کی جنسی صحت کی ٹیم یہ تجویز کرے گی کہ آپ کا جنسی ساتھی بھی ٹیسٹ کرائے، اور اگر ضروری ہو تو علاج کرائے۔ آپ کو اپنے جنسی ساتھی کے ساتھ جنسی تعلق سے مکمل اجتناب کرنا ہوگا جب تک کہ آپ دونوں علاج مکمل نہیں کرلیتے۔
اگر آپ یا آپ کے شریک حیات کے کوئی اور جنسی ساتھی ہیں، یا آپ کے کوئی اور بچے ہیں تو ان کے بھی ٹیسٹ کرانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ آپ کی جنسی صحت سے متعلق ٹیم آپ کو اپنے پارٹنرز کے ساتھ تعلق کے حوالے سے مشورہ اور معاونت فراہم کرے گی۔
4. اپنے بچے کا تحفظ کرنا
آتشک دورانِ حمل ایک ماں سے بچے میں منتقل ہوسکتا ہے۔ اگر اس کا علاج نہ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچوں میں آتشک انفیکشن جسے پیدائشی آتشک (Congenital Syphilis) کہتے ہیں، کی علامات موجود ہوسکتی ہیں۔ دورانِ حمل آتشک کا ہر ممکن حد تک جلد از جلد علاج کرنے سے اس کو روکنے کا امکان زیادہ بہتر ہوجاتا ہے۔
آتشک سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے آپ کے بچہ جننے کے طریقے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور آپ اب بھی اپنے بچے کو دودھ پِلا سکیں گی۔
اگر دورانِ حمل آپ کو آتشک کا علاج کرانے کی ضرورت ہے، تو پیدائش کے بعد ڈاکٹر کو آپ کے بچے کا معائنہ اور اس کے بعد خون کے کچھ ٹیسٹ کرنے ہوں گے۔ بچوں کی ایک معمولی تعداد کو اینٹی بائیوٹک علاج کی ضرورت بھی پڑتی ہے۔
5. اس کے بعد کیا ہوگا
اگر آپ جنسی صحت کی مقامی ٹیم کی طرف ریفر نہیں کیے گئے تو آپ کو اس ٹیم کی طرف ریفر کیا جائے گا۔
ٹیم آپ سے اس علاج معالجہ کے بارے میں بات کرے گی جس کی آپ کو ضرورت ہے، اور ہو سکتا ہے وہ آپ کو جنسی تعلق کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں کے لیے ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیں۔ ضروری ہے کہ آپ دورانِ حمل تمام اپوائنٹمنٹس میں شرکت کریں اور اپنا علاج معالجہ مکمل کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انفیکشن ختم ہوگئی ہے۔
6. کسے جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ کو آتشک ہے
ضروی ہے کہ صحت کے پیشہ ورانہ افراد جو آپ کی نگہداشت کررہے ہیں انہیں آپ کے ٹیسٹ کے نتیجہ کے بارے میں معلوم ہو، تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ آپ اور آپ کا بچہ محفوظ اور موثر علاج حاصل کررہے ہیں۔
7. رازداری
NHS سکریننگ پروگرام آپ کو صحیح وقت پر ٹیسٹ کے لیے مدعو کرنے کی غرض سے ذاتی معلومات آپ کے NHS ریکارڈز سے استعمال کرتے ہیں۔ آپ کی معلومات کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے کہ آپ کو اعلیٰ معیار کی نگہداشت فراہم کی جائے اور سکریننگ پروگراموں میں بہتری لائی جائے۔ اس بار میں مزید جانیئے /آپ کی معلومات کس طرح استعمال اور محفوظ کی جاتی ہیں، اور آپ کے اختیارات.
8. مزید معلومات
آپ آتشک کے بارے میں مزید معلومات درج ذیل ذرائع سے حاصل کرسکتے ہیں:
اگر آپ کے کوئی اور سوالات یا خدشات ہیں تو برائے مہربانی اپنی سکریننگ ٹیم یا دایہ سے بات کریں۔