رہنمائی

قوت سماعت کا کھونا

اپ ڈیٹ کردہ 18 دسمبر 2024

NHS کے ذریعہ سماعت کے نقصان کی سکریننگ کی سفارش کی جاتی ہے۔

قوت سماعت کا کھونا

1. سکریننگ کا مقصد

اُن بچوں کا پتہ چلانے کے لئے جن کی سماعت کھو جائے تاکہ بالکل شروع سے ہی مدد اور مشورہ دیا جاسکے۔

2. اس بیماری کے بارے میں

ہر 1,000 میں ایک تا 2 بچے ایک یا دونوں کانوں میں سماعت کے مستقل نقص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ اِن میں سے زیادہ تر بچے اُن خاندانوں میں پیدا ہوتے ہیں جن میں سماعت کھونے کی کوئی تاریخ نہیں ہوتی ہے۔

مستقل سماعت کھونا بہت حد تک بچے کی بڑھوتری پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ جلد دریافت کر لینے سے اِن بچوں میں بولنے اور زبان کی مہارتوں میں پیش رفت کرنے میں بہتر موقع مل سکتا ہے۔ اِس سے بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی خاندان اور دیکھ بھال کرنے والے لوگوں کے ساتھ تعلق سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔

3. سکریننگ ٹیسٹ

آپ کو سماعت کے سکریننگ ٹیسٹ کی پیشکش اسپتال میں ڈسچارج سے قبل، یا جب آپ گھر پر ہوں اس وقت کی جائے گي، یا آپ کو ایک کلینک کے اپائنٹمنٹ میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ کچھ علاقوں میں، سکریننگ پہلے چند ہفتوں کے دوران ہیلتھ وزیٹر کے ذریعہ کیا جائے گا۔ مثالی طور پر، یہ ٹیسٹ شروع کے 4 سے 5 ہفتوں کے دوران کیا جانا چاہیے، لیکن اسے 3 ماہ تک کی عمر تک کیا جا سکتا ہے۔

AOAE (خودکار سمعی بصری اخراج) نامی ٹیسٹ میں چند منٹ لگتے ہیں۔ ایک نرم سرے والا ایرپیس آپ کے بچے کے کان میں داخل کیا جاتا ہے اور ہلکی کلک جیسی آوازیں چلائی جاتی ہیں۔ جب کسی کان کو آواز موصول ہوتی ہے، اندر والا حصہ (جسے صدفِ گوش کہتے) اِس کا جواب دیتا ہے اور اِسے سکریننگ کرنے والا آلہ دیکھ لیتا ہے۔

یہ ہر وقت ممکن نہیں ہوتا کہ پہلے ٹیسٹ سے واضح جواب مل جائے۔ اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کا بچہ لامحالا طور پر سماعت کھونے کا شکار ہے۔ اِس کا مطلب ہوسکتا ہے:

  • جب ٹیسٹ کیا گیا تھا تو آپ کا بچہ بے سکون تھا
  • پس منظر میں کچھ شور تھا
  • آپ کے بچے کے کان میں کوئی رقیق مادہ یا عارضی رکاوٹ تھی – یہ بہت عام ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو جاتا ہے
  • آپ کے بچے کی سماعت ختم ہو گئی ہے

اِس صورت میں آپ کے بچے کے لئے ایک اور ٹیسٹ کروانے کی پیشکش کی جائے گی۔ یہ پہلے ٹیسٹ جیسا ہوسکتا ہے، یا ایک اور قسم کا ہوسکتا ہے جسے اے اے بی آر (آٹو میٹڈ آڈیٹری برین سٹم رسپانس) ٹیسٹ کہتے ہیں۔ اِس میں آپ کے بچے کے سر اور گردن پر 3 چھوٹے سنسر رکھے جاتے ہیں۔ آپ کے بچے کے کانوں پر نرم ہیڈ فون رکھے جاتے ہیں اور نرم چٹکیوں جیسی آوازوں والی ریکارڈنگ بجائی جاتی ہے۔ اِس ٹیسٹ میں 5 سے 15 منٹ کے درمیان لگتے ہیں۔

4. ٹیسٹ سے متعلق تحفظ

یہ معائنہ کروانے میں کسی قسم کا خطرہ موجود نہیں ہے۔

5. سکریننگ آپ کا انتخاب ہے

آپ کے بچے کے لئے اِس سکریننگ ٹیسٹ کی سفارش کی جاتی ہے۔ آپ کے بچے کی نشوونما کے لئے ابتدا میں ہی سماعت کا نقص ڈھونڈنا اہم ہے۔

6. ٹیسٹ نہ کروانا

اگر آپ نومولود کی سماعت کا سکریننگ ٹیسٹ نہ کروانے کا فیصلہ کرتی ہیں تو آپ کو بچے کی عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی سماعت جانچنے کے لئے چیک لسٹس دیے جائیں گے۔ اگر آپ کو کوئی تشویشات ہیں تو اپنے ہیلتھ وزیٹر یا جی پی سے بات کریں۔

7. ممکنہ نتائج

اگر آپ کے بچے کے دونوں کانوں سے واضح جواب آتا ہے تو اُس میں سماعت کھونے کا امکان نہیں ہے۔ تاہم، نوزائیدہ بچے سماعت کی سکریننگ ہر طرح کی سماعت کے نقص کو نہیں پکڑ پاتی اور بچوں میں بعد میں سماعت کھونے کا نقص پیدا ہوسکتا ہے۔ یہ اہم امر ہے کہ آپ اپنے بڑھتے ہوئے بچے کی سماعت کی جانچ کرتے رہیں۔ آپ کے بچے کے ذاتی چائلڈ ہیلتھ ریکارڈ میں چیک لسٹ (‘ریڈ بُک) آپ کو بتاتی ہے کہ یہ کیسے کرنا ہے۔ اگر آپ کو اپنے بچے کی سماعت کے بارے میں کسی قسم کے خدشات ہیں تو اپنے ہیلتھ وزٹر یا جی پی سے بات کریں۔

اگر سکریننگ ٹِسٹ کے نتیجے میں آپ کے بچّے کے ایک یا دونوں کانوں سے واضح جواب نہیں ملتے تو ماہرِ سماعت سے ملنے کے لئے آڈیولوجی کے ساتھ آپ کی مُلاقات طے کردی جائے گی۔

ہر 100 میں سے لگ بھگ 2 تا 3 بچے سکریننگ ٹیسٹس میں واضح ردعمل نہیں دکھاتے۔ مزید ٹیسٹوں کے لئے بھیجے جانے کا مطلب لامحالہ طور پر یہ نہیں ہے کہ آپ کے بچے کا سماعت کھونے کا مسئلہ ہے۔

ماہرِ سماعت کو آپ کے بچے کی سماعت کے سکریننگ ٹیسٹ کے 4 ہفتے کے اندر آپ سے ملنا چاہیے۔ یہ انتہائی ضروری ہے کہ آپ اِس ملاقات کے لئے حاضر ہوں، ہو سکتا ہے کہ آپ کے بچے میں سماعت کھونے کا نقص ہو۔

8. اپنے نتائج حاصل کرنا

جیسے ہی سماعت کا ٹیسٹ ختم ہوجائے گا، آپ کو آپ کے بچے کے نتائج مل جائیں گے۔

9. اس کتابچہ کے بارے میں

پبلک ہیلتھ انگلینڈ (PHE) نے یہ کتابچہ NHS کی جانب سے تیار کیا ہے۔